اقوام متحدہ میں ایران کا پاکستان سے اظہارِ تشکر، سلامتی کونسل اجلاس پر شدید اعتراض

اجلاس بحرین اور پانچ یورپی رکن ممالک، ڈنمارک، فرانس، یونان، لٹویا اور برطانیہ کی درخواست پر بلایا گیا تھا 
نیویارک(آئی این پی) ایران نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اپنے جوہری پروگرام سے متعلق منعقد ہونے والے اجلاس میں ووٹنگ سے غیر حاضر رہنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اجلاس قانونی بنیاد سے محروم تھا اور اسے بلانے کا کوئی جواز موجود نہیں تھا۔اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے اجلاس کے بعد جاری بیان میں پاکستان اور صومالیہ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اجلاس بلانے کی حمایت نہیں کی۔ انہوں نے روس اور چین کو بھی اجلاس کی مخالفت کرنے پر سراہا۔ یہ اجلاس بحرین اور سلامتی کونسل کے پانچ یورپی رکن ممالک، ڈنمارک، فرانس، یونان، لٹویا اور برطانیہ کی درخواست پر بلایا گیا تھا۔ اجلاس میں سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 اور ایران کے جوہری معاہدے پر عمل درآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔آبنائے ہرمز کے حوالے سے امیر سعید ایروانی نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت اس اہم بحری گزرگاہ میں بحری آمدورفت کی بحالی اور بارودی سرنگوں کی صفائی کی ذمہ داری صرف ایران کی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی بیرونی مداخلت سے نہ صرف معاہدے پر عمل درآمد متاثر ہو سکتا ہے بلکہ خطے میں کشیدگی بھی مزید بڑھ سکتی ہے۔