کابل حکومت بھارت کی پراکسی بنی ہوئی ہے:وزیرِ دفاع

کابل حکومت بھارت کی پراکسی بنی ہوئی ہے:وزیرِ دفاع

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے افغانستان کی عبوری حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابل حکومت بھارت کی پراکسی کے طور پر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے پاکستان کو دہشت گردی کے خاتمے سے متعلق کوئی واضح اور قابلِ اعتماد یقین دہانی نہیں مل رہی، جس کے باعث سرحدی سیکیورٹی اور خطے کی صورتحال مسلسل غیر یقینی ہے۔خواجہ آصف کے مطابق ماضی میں خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے وفاقی سطح پر تعاون کی کمی رہی، تاہم اب حالات میں بہتری آئی ہے اور تعاون بڑھا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں قطر، سعودی عرب اور ترکیہ نے بھی پاکستان کی معاونت کی ہے۔وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سنجیدہ ہے اور خطے میں امن کے لیے تمام سفارتی اور سیکیورٹی ذرائع استعمال کیے جا رہے ہیں۔