پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی کے بانی چیئرمین پر تشدد کیا جا رہا ہے اور ان کی ایک آنکھ متاثر ہو چکی ہے۔
اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ایک ہزار دن سے جیل میں ہیں اور ان کے مطابق انہیں بنیادی آئینی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف مقدمات کو وہ سیاسی اور من گھڑت قرار دیتے ہیں۔سلمان اکرم راجہ نے الزام عائد کیا کہ جیل میں ملاقاتوں اور وکالت ناموں پر دستخط کرانے پر پابندیاں ہیں جبکہ صرف مخصوص افراد کو ملاقات کی اجازت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عدالتی فیصلوں پر مکمل عمل درآمد نہیں ہو رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی جماعت نے تمام قانونی راستے اختیار کیے ہیں مگر شنوائی نہیں ہو رہی، اسی لیے وہ اب عوام کے سامنے اپنا مؤقف رکھ رہے ہیں۔ان کے مطابق ملک میں سیاسی، معاشی اور ادارہ جاتی بحران سنگین ہو چکا ہے، اور موجودہ صورتحال میں ان کی جماعت کے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا۔