خودکش بمبار کو روک کر جان قربان کرنے والے شہری کے لیے ستارہ شجاعت کی منظوری

خودکش بمبار کو روک کر جان قربان کرنے والے شہری کے لیے ستارہ شجاعت کی منظوری

اسلام آباد: کوہاٹ میں خودکش حملہ آور کو روک کر بڑی تباہی سے بچانے والے شہری لیاقت کے لیے ستارہ شجاعت کی منظوری دے دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چند روز قبل کوہاٹ کے قریب ایک مشتبہ خودکش حملہ آور کھیتوں کے راستے آگے بڑھ رہا تھا۔ اسی دوران اٹک کی تحصیل جنڈ کے گاؤں منکور سے تعلق رکھنے والے لیاقت نے مشتبہ شخص کو روکا اور اس کی شناخت معلوم کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران خودکش حملہ آور نے بوکھلاہٹ میں خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔واقعے میں لیاقت نے اپنی جان قربان کر کے ممکنہ بڑے جانی نقصان کو روک دیا، جس پر انہیں قومی سطح پر خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے لیاقت کو قوم کا ہیرو قرار دیتے ہوئے ان کی بہادری کو سراہا اور ان کے لیے اعزاز کی سفارش کی۔ بعد ازاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے لیاقت کے لیے ستارہ شجاعت کی منظوری دے دی۔صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ لیاقت نے جان کا نذرانہ دے کر بڑے جانی نقصان کو روکا اور ان کی جرات و قربانی قوم کے لیے روشن مثال ہے۔ ان کے اہلِ خانہ آج شام ایوانِ صدر میں یہ اعزاز وصول کریں گے۔