قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد ٹیم کی کارکردگی پر کھل کر بات کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ اہم مواقع پر پاکستان میچ پر اپنی گرفت برقرار رکھنے میں ناکام رہا۔
میرپور کے شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک موقع پر جب دو سیٹ بلے باز کریز پر موجود تھے تو ٹیم ڈرا کی پوزیشن میں تھی، لیکن بدقسمتی سے اس موقع سے فائدہ نہیں اٹھایا جا سکا۔ ان کے مطابق ایسے حالات میں بیٹنگ کو زیادہ دیر تک برقرار رکھنا ضروری تھا۔شان مسعود نے ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مثبت قرار دیا۔ انہوں نے اذان اویس کی پہلی ٹیسٹ سنچری اور عبداللہ فضل کی دونوں اننگز میں نصف سنچریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا۔
کپتان نے یہ بھی کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ حالات کو دیکھتے ہوئے کیا گیا تھا، ابتدائی وکٹیں ملنے کے باوجود ٹیم اس برتری کو برقرار نہ رکھ سکی۔ ان کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ میں جب میچ آپ کے کنٹرول میں ہو تو حریف پر مکمل دباؤ ڈالنا ضروری ہوتا ہے، جس میں ٹیم ناکام رہی۔انہوں نے مزید کہا کہ طویل وقفے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے باوجود کھلاڑیوں کی کوششوں پر سوال نہیں اٹھایا جا سکتا، لیکن ٹیم کو اب سیکھنا ہوگا کہ مواقع کو کیسے مکمل طور پر میچ میں تبدیل کیا جاتا ہے۔