الیکشن کمیشن نے جو ایکٹ بنایا ہے اْس کے مطابق انتخابات کرائیں گے:وزیر بلدیات کا کانفرنس میں خطاب
لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے پاکستان مسلم لیگ (ن) مقامی حکومتوں کی مضبوطی پر یقین رکھتی ہے، الیکشن کمیشن اپنا کام کر رہا ہے، جلد از جلد بلدیاتی انتخابات کرا دیں گے۔ صوبائی وزیر مقامی حکومتوں کے انتخابات پر گول میز کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ ایم پی اے، چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی طارق سبحانی نے بھی کانفرنس میں شرکت کی‘ ذیشان رفیق نے کہا میں نے ہر فورم پر یقین دلایا جو ایکٹ بنایا ہے اْس کے مطابق الیکشن کرا دیں گے۔ ہم نے کوئی لمحہ ضائع کئے بغیر بلدیاتی انتخابات کے لئے کام جاری رکھا۔ الحمدللہ اب الیکشن ایکٹ بن چکا ہے۔ محکمہ بلدیات نے حد بندی کا عمل مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پورے عمل میں آپ کو کوئی تاخیر نظر نہیں آئے گی۔ انشااللہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایت کے مطابق آئندہ بھی تاخیر نہیں ہوگی۔