صوبائی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے بلدیات نے بلدیاتی ایکٹ منظور کرلیا‘اسمبلی سے منظورکرایا جائیگا
یونین کونسل میں 9 کونسلرز براہ راست منتخب ہوں گے ‘4 مخصوص نشستیں بھی رکھی گئی ہیں:وزیربلدیات
لاہور(آن لائن) پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ صوبائی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے بلدیات نے بلدیاتی ایکٹ 2025 کو اتفاقِ رائے سے منظور کر لیا ہے۔ صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اعلان کیا ہے کہ مجوزہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ رواں ماہ ہی پنجاب اسمبلی سے منظور کرا لیا جائے گا تاکہ بلدیاتی انتخابات فروری یا اپریل 2026 میں کرائے جا سکیں۔صوبائی وزیر ذیشان رفیق کے مطابق بلدیاتی ایکٹ 2025 مکمل تیار ہے، جس پر قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں ینگ پارلیمنیٹرین فورم اور اپوزیشن اراکین نے کھل کر رائے دی۔ نئے نظام کے تحت ہر یونین کونسل میں 9 کونسلرز براہ راست منتخب ہوں گے جبکہ 4 مخصوص نشستیں بھی رکھی گئی ہیں۔ یونین کونسل کی آبادی 22 سے 25 ہزار تک ہوگی۔انہوں نے مزید بتایا کہ لاہور میں یونین کونسلز کی تعداد 400 سے زائد ہوگی، جہاں ٹائون کارپوریشن کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کو ختم کر دیا جائے گا، جبکہ دیگر اضلاع میں تحصیل کونسلز تشکیل دی جائیں گی۔بلدیاتی ایکٹ کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن نئی حلقہ بندی اور حد بندی کا عمل شروع کرے گا۔ اسی عمل کی تکمیل کے بعد الیکشن شیڈول کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔