دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیاگیا ،درمش باسٹو کی ترکیہ حکومت کی جانب سے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی
لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق سے جمہوریہ ترکیہ کے قونصل جنرل درمش باسٹو نے ان کے آفس میںملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے حالیہ دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستی کی تاریخ دہائیوں پر محیط ہے۔ ترکی نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ ذیشان رفیق نے ترک قونصل جنرل کو بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت مختصر مدت کے دوران عوامی فلاح کے کئی ایک منصوبوں کو مکمل کر چکی ہے۔ پنجاب میں ترک سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ترکیہ کے قونصل جنرل درمش باسٹو نے ترکیہ کی حکومت کی جانب سے پاکستان بالخصوص پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔