پلاسٹک کور والی کتابیں فروخت کرنے پر پابندی‘50ہزارجرمانہ مقرر

اسلام آباد کی حدود میں کوئی بھی دکاندار پلاسٹک کور والی کتابیں فروخت یا تقسیم نہیں کر سکے گا
اسلام آباد (آئی این پی)کتابوں پر پلاسٹک کور چڑھانے پر پابندی عائد کر دی گئی۔قومی اسمبلی نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (کتابوں کے پلاسٹک کور پر پابندی) ایکٹ 2026 منظور کر لیا، جس کے تحت کتابوں پر پلاسٹک کور چڑھانے اور ایسی کتابوں کی فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔بل کے متن کے مطابق اسلام آباد کی حدود میں کوئی بھی فروخت کنندہ پلاسٹک کور والی کتابیں فروخت یا تقسیم نہیں کر سکے گا، پہلی بار خلاف ورزی پر 50 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا جبکہ دوبارہ خلاف ورزی کی صورت میں جرمانہ ایک لاکھ روپے تک ہو سکتا ہے۔بل کا بنیادی مقصد تعلیمی اداروں اور اسکولوں میں کتابوں پر پلاسٹک چڑھانے کے رجحان کا خاتمہ اور ماحول دوست اقدامات کو فروغ دینا ہے۔قانون کے تحت اسلام آباد انتظامیہ کے مجاز افسران کو موقع پر معائنہ کرنے، مواد ضبط کرنے اور جرمانہ عائد کرنے کے اختیارات حاصل ہوں گے