اسلام آباد(آئی این پی )جماعت اسلامی پاکستان نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے اور مہنگائی کیخلاف 15 مئی کو اسلام آباد میں بڑے احتجاج کی کال دے دی۔اس بات کا اعلان امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کیا ۔انہوں نے کہا ملک میں مہنگائی بڑھتی جارہی، حکومتی مجرمانہ اقدامات جلتی پر تیل کا کام کررہے ہیں، جماعت اسلامی مہنگائی کے خلاف عید کے بعد بڑی کال دینے جارہی ہے، اس سے قبل 15 مئی کو اسلام آباد میں مہنگائی کے خلاف بڑا احتجاج کریں گے جہاں آگے کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کریں گے، ہڑتال اور پہیہ جام کا آپشن بھی موجود ہے، حکومت کو عوام کے حق پر ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے۔ ٹی وی پر چچا بھتیجی کے اشتہارات کی قیمت بھی قوم ادا کرتی ہے، تین سال میں بجلی کے ٹیکسز میں 19 کھرب روپے وصول کئے گئے، پنجاب میں غربت میں 41 فیصد ہوا ہے، حکمرانوں کی عیاشیاں ختم نہیں ہورہیں، انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف تحریک کو جماعت اسلامی لیڈ کرے گی، ہم بائیک چلانے والوں سے بھی اپیل کریں گے کہ وہ پرامن رہ کر سڑکوں کو بند کردیں، پاکستان کے اڑھائی کروڑ بائیک والے اس تحریک کو موثر طریقے سے آگے بڑھا سکتے ہیں۔