رہائشی پلاٹوں کی کمرشل کیٹیگری میں تبدیلی پر عائد پابندی ختم

کسی ادارے کے کام میں مداخلت نہیں کریں گے:آئینی عدالت کے جسٹس عامر فاروق کے ریمارکس
اسلام آباد(آن لائن) وفاقی آئینی عدالت نے رہائشی پلاٹوں کی کمرشل کیٹیگری میں تبدیلی پر عائد پابندی ختم کر دی۔کراچی میں غیرقانونی تعمیرات کے کیس میں عدالت نے رہائشی پلاٹوں کی کیٹیگری کمرشل میں تبدیل کرنے کی پابندی پر مبنی فیصلہ واپس لے لیا اور کیس نمٹا دیا۔وفاقی آئینی عدالت نے واضح کیا کہ پارکس، ہسپتالوں اور کھیل کے میدانوں سمیت عوامی مقامات کی کیٹیگری تبدیل نہیں ہوسکے گی۔جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سمیت کسی ادارے کے کام میں مداخلت نہیں کریں گے، کوئی ادارہ قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہے تو متعلقہ فورم اور ہائیکورٹ سے رجوع کریں۔جسٹس عامر فاروق نے قرار دیا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے سے کسی کی دادرسی نہ ہو تو اپیل دائر کر سکتا ہے، ازخودنوٹس کا اختیار تو اب ختم ہوچکا ہے، اگر بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی ہو رہی ہے تو اس کیلئے قانون موجود ہے۔