دہشت گردوں کے تمام ٹریننگ سینٹروں کو نشانہ بنایا جائے گا:مشیر وزیراعظم کا سینیٹ میں اظہار خیال
اسلام آباد (آن لائن) ایوان بالا میں وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے دہشتگردی کے واقعات سے حب الوطنی کے جذبے میں کمی کی بجائے اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کو پاکستان اور دہشت گردوں میں ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا دہشت گردوں کے تمام ٹریننگ سینٹروں کو نشانہ بنایا جائے گا۔منگل کو ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جے یو آئی کی حب الوطنی پر پورا یقین ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی پر جن خیالات کا اظہار کیا اس کی تائید کرتا ہوں تاہم خیبرپختونخوا 4 کروڑ سے زائد محب وطن پاکستانیوں کا صوبہ ہے اسی طرح بلوچستان بھی دو کروڑ سے زائد محب وطن پاکستانیوں کا صوبہ ہے یہ صوبے کیوں ٹوٹے گے اور کس طرف جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سات آٹھ ہزار گمراہ لوگ جو افغانستان میں دہشتگردی کی ٹریننگ لے رہے ہیں اور اس کی فنڈنگ انڈیا اور اسرائیل کررہے ہیں اور وہ پاکستان کی سرزمین پر حملے کرتے ہیں