واشنگٹن: صدر ٹرمپ کا ادویات کی قیمتوں میں کمی کے لیے بڑا قدم، ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک میں ادویات کی بڑھتی قیمتوں پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے ایک اہم ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس حکم نامے کا بنیادی مقصد امریکہ میں ادویات کی قیمتوں میں نمایاں کمی لانا اور انہیں بین الاقوامی مارکیٹ کے برابر کرنا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ اگر ادویہ ساز کمپنیاں قیمتوں میں کمی پر راضی نہ ہوئیں تو ان پر اضافی ٹیرف عائد کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا:"امریکا میں دوا کی قیمتیں ترقی پذیر ممالک کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہیں۔ ہم ان میں 59 سے 90 فیصد تک کمی لانا چاہتے ہیں۔"
یہ اقدام صدر ٹرمپ کی حکومت کی اُس وسیع تر پالیسی کا حصہ ہے جس کا مقصد ہیلتھ کیئر سسٹم میں اصلاحات کرنا اور عام امریکیوں کو معیاری اور سستی طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔صدر کا کہنا تھا کہ اس پالیسی سے نہ صرف مریضوں کو فائدہ ہوگا بلکہ صحت کے شعبے میں شفافیت بھی بڑھے گی۔ یہ ایگزیکٹو آرڈر امریکہ میں صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کی سمت میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔