22اپریل سے 10مئی کی صورتحال معرکہ حق قرار دیدی گئی
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے 22اپریل سے 10 مئی کی صورتحال کو معرکہ حق قرارد دیا،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر ) کے مطابق پاکستانی میڈیا بھارتی پروپیگنڈے اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران آہنی دیوار کی طرح کھڑا رہا۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ الحمداللہ! پاک فوج نے عوام سے کیا ہوا وعدہ پورا کیا، پاکستانی عوام نے بھی پاک فوج کا پورا ساتھ دیا،آپریشن بنیان مرصوص6اور7 مئی کے درمیان بھارتی حملوں کے جواب میں کیا گیا، بھارت کی جانب سے حملوں میں معصوم شہری ، خواتین اور بچے شہید ہوئے، پاکستان نے شہریوں کا قتل اور انصاف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا عزم کیا تھا۔ ہم نے بھارت کو جواب دے کر اپنے شہداء کے خون کا حساب لے لیا، ہمارے دل اور ہمدردیاں شہدا کے خاندان کے ساتھ ہیں، ہم اپنے زخمی ہم وطنوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں، نوجوان سائبرمحاذ پر سپاہی بن کر دشمن کا مقابلہ کرتے رہے، قوم کے حوصلے اور دعائوں نے پاک فوج کو ناقابل شکست قوت دی۔ بھارت کی 26فوجی تنصیبات کو پاکستان کی جانب سے ٹارگٹ کیا گیا، مسلح افواج اللہ تعالیٰ کی رحمت اور غیبی نصرت پر شکر گزار ہیں، اللہ تعالیٰ نے مئومنوں کو حکم دیا ہے کہ جب اْن پر ظلم ہو تو وہ اس کا جواب دیں ہم سجدہ شکر بجالاتے ہیں کہ میدانِ جنگ میں اپنے عزم کو فیصلہ کن اقدامات میں بدلنے کی توفیق عطا فرمائی۔ ہم پاکستان کی مسلح افواج کے ہر افسر، سپاہی کا شکریہ ادا کرتے ہیں جوانوں نے اپنی جرآت، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانی کے ذریعے میدانِ جنگ میں یہ کامیابی ممکن بنائی ،مسلح افواج پوری قوم کی جرآت مندانہ اخلاقی طاقت، پختہ عزم، حمایت اور دعائوں پر شکریہ ادا کرتی ہیں بلاشبہ یہی حمایت پاکستان کی مسلح افواج کے لیے سب سے مئوثر قوت ثابت ہوئی۔تمام سیاسی جماعتوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے یکجہتی کا مظاہرہ کیا، وزیراعظم، کابینہ ارکان نے ملک کی تقدیر بدلنے والے فیصلے کئے اور نازک مرحلے پر قوم کی رہنمائی کی پاکستان کا ردعمل تینوں افواج کے باہمی اشتراک کا ایک مربوط مثالی مظاہرہ تھا۔بروقت صورتِ حال کی آگاہی، نیٹ ورک پر مبنی جنگی صلاحیتوں سے ممکن ہوا، فضائی، زمینی، بحری اور سائبر محاذوں پر اس ہم آہنگی نے بجلی کی طرح تیزی سے کارروائی کو ممکن بنایا، تمام پلیٹ فارمز نے یکجہتی کے ساتھ کام کرتے ہوئے منتخب کردہ اہم مقامات پر مربوط نتائج حاصل کئے۔