ویب ڈیسک: پاکستان-بھارت جنگ بندی کے بعد آئی پی ایل دوبارہ شروع کرنے کا اعلان
پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد جنگ بندی کے اعلان کے ساتھ ہی بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔بی سی سی آئی کے مطابق، آئی پی ایل کے باقی تمام میچز 17 مئی سے 3 جون تک چھ مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پاک بھارت کشیدگی کے باعث لیگ کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق 9 مئی کو پاکستان کی جانب سے بھارتی حملوں کا مؤثر جواب دیے جانے کے بعد صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی تھی، جس کے باعث دھرم شالہ میں جاری ایک میچ کو اچانک روکنا پڑا۔
اسٹیڈیم کی لائٹس بند کر دی گئیں اور غیر ملکی کھلاڑیوں نے فوری طور پر وطن واپسی کے انتظامات شروع کر دیے۔تاہم، ہفتے کے روز دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد، بی سی سی آئی نے لیگ کی بحالی کا فیصلہ کیا۔ اب 17 مئی کو رائل چیلنجرز بنگلور اور دفاعی چیمپئن کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے درمیان میچ سے آئی پی ایل کا دوبارہ آغاز ہوگا۔