لاہور اور قصور میں شہید پاکستانیوں کی نماز جنازہ ادا

حوالدار محمد نوید کی نماز جنازہ میں محسن نقوی ، آئی جی پنجاب سمیت اعلی فوجی و سول حکام کی شرکت
قصور میںغائبانہ نماز جنازہ  میں ملک احمد خان،  ملک رشید احمد خان،اعلیٰ فوجی افسرشریک ہوئے
 لاہور‘قصور(سپیشل رپورٹر‘ایجنسیاں )بھارتی جارحیت کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے حوالدار محمد نوید کی نماز جنازہ لاہور میں ادا کی گئی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید حوالدار محمد نوید کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے حوالدار محمد نوید کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید حوالدار محمد نوید کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی۔پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے شہید حوالدار محمد نوید کے جسد خاکی کو سلامی دی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا شہید حوالدار محمد نوید کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہارکیا ۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہید حوالدار محمد نوید نے بزدل دشمن کا بہادری سے مقابلہ کیا اور شہادت کا بلند رتبہ پایا۔ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہید حوالدار محمد نوید کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔دریں اثنائبھارتی جارحیت کے دوران شہید ہونے والے پاکستان کے بہادر سپاہیوں اور معصوم شہریوں کی غائبانہ نماز جنازہ ضلع قصور کے علاقے کھڈیاں خاص میں ادا کر دی گئی۔نماز جنازہ میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، وفاقی وزیر مملکت ملک رشید احمد خان، اور رکنِ صوبائی اسمبلی ملک سعید احمد خان نے بھی شرکت کی۔نماز جنازہ کا انعقاد کھڈیاں خاص کے ہائی سکول میں کیا گیا، جہاں پاک افواج اور قوم کے شہدا کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر اعلی فوجی افسران، بیوروکریٹس اور پولیس افسران سمیت ہزاروں شہری بھی موجود تھے