جوابی کارروائی پر بھارتی چیخیں واشنگٹن تک گئیں: احسن اقبال

  بھارتی میڈیا جھوٹ بول کر اسلام آباد، لاہور اور کراچی پر قبضے کے خواب دکھاتا رہا
 آج بھی ایک سیاسی جماعت میر جعفر اور میر صادق کا کردار ادا کر رہی ہے: میڈیا سے گفتگو
 نارووال (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا  ہے پاکستان نے بھارت کی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر دشمن کو واضح پیغام دے دیا کہ ہماری فضائیہ ہر لمحہ چوکس ہے اور پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ ضلع نارووال کے سرحدی گائوں سرجال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا  بھارت کی جانب سے جب حملہ کیا گیا تو پاکستان کے شاہین فضائوں میں موجود تھے، اور انہوں نے نہ صرف دشمن کی پیش قدمی کو روکا بلکہ 3 جدید رافیل طیاروں سمیت 5 بھارتی جنگی جہاز مار گرائے، جس سے بھارت کا غرور خاک میں مل گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، یہاں تک کہ جب بھارت نے 3 میزائل داغے، ہم نے صبر کا دامن نہیں چھوڑا۔تاہم، جب دشمن نے حد پار کی تو پاکستان نے جواب میں ایسی کارروائی کی کہ دنیا نے بھارت کے اڈوں سے اٹھنے والی چیخیں سنیں، اور ان چیخوں کی بازگشت واشنگٹن تک پہنچی۔انہوں نے کہا آج بھی ایک سیاسی جماعت میر جعفر اور میر صادق کا کردار ادا کر رہی ہے، جو ملک کے مفادات کے خلاف ہے۔