راولپنڈی اور اسلام آباد میں یوم القدس کے موقع پر نکالی جانے والی ریلیوں کے باعث جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس ایک روز کے لیے معطل کر دی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کی حفاظت اور ریلی کے شرکاء کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔اطلاعات کے مطابق ایک ریلی دربار سخی محمود سے نکالی جائے گی جبکہ دوسری ریلی امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے مری روڈ تک جائے گی۔ ریلیوں کے باعث اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو سکتی ہے۔سیکیورٹی کے پیش نظر جڑواں شہروں میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ حساس مقامات کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے اور ریلی کے روٹس پر خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متبادل راستے استعمال کریں تاکہ ٹریفک کی ممکنہ مشکلات سے بچا جا سکے۔