نیلامی کے بعد اسائنمنٹ مرحلے کا عمل ہوگیا‘ 3.5 گیگا ہرٹز بینڈ کے عمل کا باقاعدہ افتتاح بھی کر دیا گیا
اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے تیز رفتار اور قابل اعتماد انٹرنیٹ ملکی معیشت، معاشرت، تعلیم، صحت اور قومی سلامتی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے،فائیوجی کی نیلامی سے نہ صرف انٹرنیٹ سروس کی فراہمی بہتر ہوگی بلکہ یہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کو مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فائیو جی سپیکٹرم کی اسائنمنٹ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فائیوجی سپیکٹرم کی نیلامی کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے جس کے تحت 480 میگا ہرٹز سپیکٹرم تین موبائل آپریٹرز جاز،زونگ اور یوفون نیحاصل کی، اس نیلامی کے ذریعے حکومت کو تقریباً 507 ملین ڈالر آمدن ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ نیلامی کے پہلے مرحلے کے بعد ایک روز وقفے سے اسائنمنٹ مرحلے کا عمل ہوگیا جس میں مختلف بینڈز میں سپیکٹرم کی حتمی تقسیم کی گئی جبکہ 3.5 گیگا ہرٹز بینڈ کے عمل کا باقاعدہ افتتاح بھی کر دیا گیا ہے۔