جنگ کے باعث شدید انسانی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے:عاصم افتخار

  عالمی برادری   فریقین کو  مزید حملوں سے گریز   اور سفارتکاری کو موقع دینے پر آمادہ  کرے
نیویارک(آئی این پی )اقوام متحدہ  میں  پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے   مشرق وسطی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار  کرتے ہوئے ایران پر ہونے والے امریکی اور اسرائیلی حملوں کی مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان برادر ملک ایران کی سلامتی اور خودمختاری کی حمایت کرتا ہے اور کسی بھی ملک پر غیر ضروری حملے پورے خطے کو ایک بڑے تنازع کی طرف دھکیل سکتے ہیں۔پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ حالیہ کشیدگی کے باعث شدید انسانی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے‘ پاکستانی قیادت اپنے پڑوسیوں، دوست ممالک اور شراکت داروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور پاکستان کشیدگی کم کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ فریقین کو فوری طور پر کشیدگی کم کرنے، مزید حملوں سے گریز کرنے اور سفارتکاری کو موقع دینے پر آمادہ کیا جائے تاکہ خطے میں امن بحال ہو سکے۔