بلوچستان میں بھارتی دراندازی سے آگ لگائی جا رہی ہے، راستے سے بھٹکے عناصر پاک فوج پر حملہ آور ہیں،سپیکر پنجاب اسمبلی کاجلسے سے خطاب،ملک رشید کو وزیرمملکت بننے پرمبارکباد
لاہور (خصوصی رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کھڈیاں خاص قصور میں ایک پروقار عوامی جلسے کا انعقاد کیا، جس کا مقصد ملک رشید احمد خان کو وزیر مملکت برائے فوڈ سکیورٹی کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرنا تھا۔ جلسے میں علاقے کی معزز شخصیات، سیاسی رہنماؤں، کارکنان، اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے اپنے خطاب میں ملک رشید احمد خان کی تقرری کو علاقے کے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ قصور کی عوام کا قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے۔ ملک رشید احمد خان کو وفاقی کابینہ میں شامل کرنا ایک تاریخی قدم ہے، جس پر ہم قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔سپیکر نے خطاب کے دوران ملک میں جاری دہشت گردی کے خطرات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی یلغار ایک بار پھر ملک کی سا لمیت کو چیلنج کر رہی ہے۔ بلوچستان میں بھارتی دراندازی سے آگ لگائی جا رہی ہے اور راستے سے بھٹکے عناصر پاک فوج پر حملہ آور ہیں۔ لیکن ہم دشمن کے ناپاک عزائم کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائیں گے۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قوم پہلے بھی متحد ہوئی اور ردالفساد جیسے آپریشنز کے ذریعے دشمن کو شکست دی، اور آئندہ بھی دشمنوں کے خلاف پوری قوت سے کھڑے رہیں گے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے سپہ سالار اور وزیر اعظم سے اپیل کی کہ خوارجیوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے تاکہ پاکستان میں دیرپا امن قائم ہو۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ عوام کے فلاحی منصوبے جاری ہیں اور قصور میں صحت، تعلیم، اور ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے اور ہر یونین کونسل کی سطح پر ترقیاتی منصوبوں کو یقینی بنایا جائے گا۔بعدازاں ملک رشید احمد خان نے جلسے سے خطاب میں قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عہدہ ایک ذمہ داری ہے اور میں اپنی ذمہ داری کو احسن انداز سے نبھاؤں گا تاکہ عوام کی خدمت میں کوئی کمی نہ آئے۔وفاقی مملکت برائے توانائی و پبلک افیئرز خان عبد الرحمن خان کانجو نے بھی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم فخر سے اپنے بچوں کو بتائیں گے کہ ملکی تعمیر و ترقی میں ہمارا بھی حصہ ہے۔جلسے سے اراکین صوبائی اسمبلی ملک احمد سعید خان اور چودھری الیا س خان نے بھی خطاب کیا۔