پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ وزیراعظم کے بیٹے تھے تو انہیں وزیراعظم کے گھر سے اغوا کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کوئی نیا مسئلہ نہیں ہے اور ملک نے اس کی وجہ سے بہت نقصان اٹھایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ جب بچہ تھے، تب سے دہشت گردی کے واقعات دیکھ رہے ہیں، اور یہ تکلیف دہ ہے کہ ان کی والدہ بے نظیر بھٹو بھی دہشت گردی کا شکار ہو کر شہید ہو گئیں۔انہوں نے نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے اس کا آغاز کیا تھا اور شہباز شریف بھی نیشنل ایکشن پلان ٹو بنا سکتے ہیں تاکہ ملک کو دہشت گردی کے خطرات سے بچایا جا سکے۔ بلاول بھٹو نے اس بات پر زور دیا کہ جو قوتیں ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں، وہ ایک ساتھ متحد ہو چکی ہیں اور اس کا مقابلہ کرنا ضروری ہے۔