پاکستان نے کبڈی ٹورنامنٹ کے لیے بھارتی ٹیم کو مدعو کر لیا

پاکستان نے کبڈی ٹورنامنٹ کے لیے بھارتی ٹیم کو مدعو کر لیا

پاکستان کبڈی فیڈریشن نے آئندہ ماہ اپریل میں تین ملکی کبڈی ٹورنامنٹ کا اعلان کیا ہے، جس میں پاکستان، بھارت، اور ایران کی کبڈی ٹیمیں حصہ لیں گی۔

 یہ ٹورنامنٹ "بابا گرو نانک کبڈی کپ" کے نام سے منعقد کیا جائے گا، جس کا مقصد بین الاقوامی سطح پر کبڈی کے کھیل کو فروغ دینا اور مختلف ممالک کے درمیان کھیل کے ذریعے روابط بڑھانا ہے۔پاکستان کبڈی فیڈریشن کی جنرل کونسل میٹنگ فیڈریشن کے صدر، صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی صدارت میں ہوئی، جس میں رواں سال کے کبڈی ایونٹس کے لیے بجٹ کی منظوری دی گئی۔ چوہدری شافع حسین نے اس بات پر زور دیا کہ اسپورٹس، خصوصاً کبڈی، بین الاقوامی تعلقات کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بھارتی حکومت اپنی اسپورٹس ٹیموں کو پاکستان بھیجنے میں ہچکچاہٹ کا شکار ہے، تاہم پاکستان کی طرف سے مکمل کوشش کی جائے گی کہ بھارت کی کبڈی ٹیم اس ایونٹ میں شرکت کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ایونٹ کے انعقاد سے دونوں ممالک کے درمیان کھیل کے میدان میں دوستانہ روابط کی کوشش کی جائے گی اور اسپورٹس کے ذریعے امن اور محبت کا پیغام دیا جائے گا۔