عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں 8 سے 10 روپے فی یونٹ کمی کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔
ایک نجی چینل کے ذرائع کے مطابق حکومت نے یہ تجویز پیش کی تھی، جسے آئی ایم ایف نے رد کر دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس کی قیمت میں 23 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا گیا ہے، اور کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس پر لیوی بھی عائد کر دی گئی ہے۔ آئی ایم ایف نے پالیسی لیول کے مذاکرات کے دوران ہی کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس کے نوٹیفکیشن جاری کروا دیے، اور کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس کی قیمت 4 ہزار 291 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کر دی گئی۔مزید یہ کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ایک ارب ڈالر کے قرضے کی شرط بھی آئی ایم ایف کی جانب سے سامنے آئی ہے، جس کے لیے حکومت کو کاربن لیوی عائد کرنا پڑے گا۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے پیٹرولیم مصنوعات پر بھی کاربن لیوی عائد کرنے کی شرط رکھی ہے۔