پشاور(آئی این پی ) خیبر پختونخوا میں بھی مفت سولر سسٹم سکیم کے لیے 25لاکھ 38 ہزار درخواستیں موصول ہو گئیں۔پراجیکٹ ڈائریکٹر اسفندیار نے مفت سولر سسٹم کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ قرعہ اندازی کے بعد ایک لاکھ 30ہزار گھرانوں کو مفت سولر سسٹم دیں گے۔ جبکہ قرعہ اندازی کے بعد احساس اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے تصدیق کا عمل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ سسٹم میں 585واٹ سولر پلیٹ، ایک بیٹری، 3بلب اور 2پنکھے شامل ہیں۔ جبکہ سسٹم میں انورٹر کی جگہ ایک چارجر دیا جائے گا۔ اسفندیار نے کہا کہ سولر سسٹم نصب کرنے پر 2 لاکھ 4 ہزار روپے خرچہ آئے گا۔ 65 ہزار شہریوں کو مفت اور 65ہزار کو سبسڈائز ریٹ پر سسٹم دیں گے۔انہوں نے کہا کہ سولرائزیشن منصوبے پر 20 ارب روپے خرچ ہوں گے۔