ملک میں سرمایہ کاری کی بات ہو تو حالات خراب کیے جاتے ہیں، کچھ یوٹیوبر پیسے لے کر پاکستان کو بدنام کر رہے ہیں
کراچی (آئی این پی )گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاک فوج دہشت گردوں سے لڑ رہی ہے، پاک فوج پر فخر ہے، پاک فوج نے بہادری سے 100سے زائد لوگوں کو بازیاب کرایا، وزیراعلیٰ بلوچستان، گورنر اور سکیورٹی حکام سے تفصیلی بات ہوئی ہے، دہشت گرد پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا نہیں ہونے دینا چاہتے، جب پاکستان میں سرمایہ کاری کی بات ہو تو حالات خراب کیے جاتے ہیں، کچھ یوٹیوبر پیسے لے کر پاکستان کو بدنام کر رہے ہیں۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری عوام میں سحری کرنے برنس روڈ پہنچے جہاں ایم کیو ایم کے منتخب نمائندوں، کارکنوں اور عوام نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ سندھ بلوچستان کے ہر بلوچی بھائی کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ہمیں دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لیے عوام کو ایک ایجنڈے پر متحد کرنا ہوگا، جہاں افواج کمزور ہوں گی، وہاں دفاع بھی کمزور ہوگا اور پاکستانی عوام اپنی پاک افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چین جب بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کی بات کرتا ہے، دہشت گرد فوراً سرگرم ہو جاتے ہیں، بیرونی ہاتھ دہشت گردی میں ملوث ہیں، اور ہمیں مل کر دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا، بلوچستان اور سندھ کے عوام کا اتحاد دہشت گردی کے خلاف طاقتور پیغام ہے اور ہمیں اس جدوجہد میں ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہوگا۔