بین الاقوامی سرمایہ کاری منصوبوں پر ٹیکس استثنی کا مطالبہ مسترد

پاکستانی حکام نے آئی ایم ایف سے چاغی سے گوادر تک ریلوے ٹریک منصوبے پر ٹیکس استثنی کا مطالبہ کیا تھا
 خیبرپختونخوا نے صوبائی آمدن بڑھانے کیلئے 50 سے زائد اقدامات کئے: آئی ایم ایف کو بریفنگ
ا سلام آباد(آئی این پی ) عالمی مالیاتی  فنڈ(آئی ایم ایف) نے ایس آئی ایف سی کی طرف سے بین الاقوامی سرمایہ کاری منصوبوں پر ٹیکس استثنی کا مطالبہ مسترد کردیا۔  میڈیارپورٹ کے  مطابق آئی ایم ایف حکام کی وزارت خزانہ اور ایس آئی ایف سی حکام سے ملاقات ہوئی جس دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایس آئی ایف سی سرمایہ کاری کیلئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرکے پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہیکہ آئی ایم ایف نے ایس آئی ایف سی کی طرف سے بین الاقوامی سرمایہ کاری منصوبوں پر ٹیکس استثنی کا مطالبہ مسترد کردیا۔  ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام نے چاغی سے گوادر تک ریلوے ٹریک کے منصوبے پر ٹیکس استثنی کا مطالبہ کیا تھا‘دریں اثناآئی ایم ایف کے ساتھ  پالیسی مذاکرات  میں صوبائی ٹیکس محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے دوران  کے پی  کے کی ریونیو اتھارٹی نے آئی ایم ایف کو بریفنگ دی۔رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کی جانب سے آئی ایم ایف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا نے صوبائی آمدن بڑھانے کیلئے 50 سے زائد اقدامات کیے، خیبر پختونخوا میں 6 ماہ کے دوران آمدن میں 14 ارب سے زائد کا اضافہ ہوا، صوبے میں انفرا اسٹرکچر کی مرمت کیلئے خصوصی سیس عائد کیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایکسپورٹ پر راہداری سیس کے ذریعے 10 ارب روپے حاصل ہونگے، رواں سال پہلی بار خیبر پختونخوا کی صوبائی آمدن 100 ارب سے تجاوز کررہی ہے