حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ،7افراد زخمی ،ٹرک ،لوڈر رکشہ قبضے میں لیکرتفتیش شروع
لاہور(کرائم رپورٹر)فیروز پور روڈ پر ٹرک اور لوڈر رکشے کے درمیان تصادم سے ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ،سات افراد زخمی ہو گئے۔ ٹرک اور لوڈر رکشہ تیز رفتاری کے باعث ایک دوسرے سے ٹکرا ئے۔امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے جنرل ہسپتال منتقل کر دیا۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت نہ ہو سکی، پولیس نے لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے بھجوا دیا اور ٹرک اور لوڈر رکشہ کو قبضے میں لیکرڈرائیورز سے تفتیش کا آغاز کر دیا ۔ پولیس کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج اور عینی شاہدین کے بیانات حاصل کیے جا رہے ہیں۔