اسلام آباد: پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے فضائی حملوں کو "ناقابلِ جواز اور قابلِ مذمت" قرار دیتے ہوئے ان اقدامات کو ایران کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی کہا ہے۔
ایک بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت نے بین الاقوامی قانون کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک ریاست پر حملہ نہیں بلکہ پوری انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ حملے خطے کے امن اور عالمی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔ اسحاق ڈار نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس جارحیت کا نوٹس لے اور اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کے تحت اقدامات کرے۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور ہر سطح پر ان کی حمایت جاری رکھے گا۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل کے ایران پر فضائی حملوں میں کئی اہم ایرانی جوہری سائنسدان اور عسکری شخصیات شہید ہو چکی ہیں، اور خطے میں کشیدگی عروج پر ہے۔ پاکستان کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے یہ بیان سفارتی سطح پر ایران کے ساتھ مضبوط تعلقات اور خطے میں امن کے لیے کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔