تہران/ریاض/نیویارک:اسرائیل کے ایران پر بڑے پیمانے پر فضائی حملے کے فوری بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ 76 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ چکی ہے، جبکہ امریکی ڈبلیو ٹی آئی (West Texas Intermediate) خام تیل 75 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہو رہا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث عالمی رسد متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں نے تیل کی خریداری میں تیزی دکھائی۔ایران تیل پیدا کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہے اور آبنائے ہرمز کے ذریعے دنیا کے تقریباً 20 فیصد تیل کی ترسیل ہوتی ہے۔
ایسے میں ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی سے عالمی سپلائی چین پر فوری اثرات مرتب ہونے لگے ہیں۔واضح رہے کہ اسرائیل نے ایران کے دارالحکومت تہران سمیت کئی اہم فوجی اور جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے، جس کے بعد عالمی سطح پر سفارتی ہلچل بھی دیکھی جا رہی ہے۔ تہران کے شمال مشرقی علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور کئی مقامات سے دھوئیں کے بادل بلند ہوتے دکھائی دیے۔