ایران پر امریکی حملوں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث توانائی کی عالمی منڈی میں بے یقینی کی صورتحال برقرار ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کاروباری سرگرمیوں کے اختتام پر برینٹ خام تیل کی قیمت میں 1.87 ڈالر فی بیرل اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 76.03 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔دوسری جانب امریکی خام تیل (ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ) کی قیمت میں بھی 3 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی قیمت 72.65 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔ماہرین کے مطابق ایران پر حالیہ امریکی حملوں اور خطے میں بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی نے تیل کی سپلائی سے متعلق خدشات کو جنم دیا ہے، جس کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں پر اوپر کی جانب دباؤ دیکھا جا رہا ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر مشرقِ وسطیٰ میں صورتحال مزید کشیدہ ہوتی ہے تو آنے والے دنوں میں عالمی تیل کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ سکتا ہے۔