مری جانے والے سیاحوں کے لیے اہم ہدایت، پرانے جی ٹی روڈ پر سفر سے گریز کی اپیل

مری جانے والے سیاحوں کے لیے اہم ہدایت، پرانے جی ٹی روڈ پر سفر سے گریز کی اپیل

مری جانے والے سیاحوں کے لیے اہم سفری ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

 ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) مری ڈاکٹر رضا تنویر نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فی الحال پرانے جی ٹی روڈ کے استعمال سے گریز کریں، کیونکہ وہاں سڑک کی تعمیر، مرمت اور کارپیٹنگ کا کام جاری ہے۔ڈی پی او مری نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ مری پاکستان کا سب سے بڑا سیاحتی مقام ہے، جہاں ملک بھر سے بڑی تعداد میں سیاح پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مری پولیس سیاحوں کے استقبال، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے۔انہوں نے سیاحوں کو ہدایت کی کہ مری میں داخلے کے لیے صرف مری ایکسپریس وے استعمال کریں۔ اس کے علاوہ مری شہر کی جانب آمدورفت کو آسان بنانے کے لیے تین متبادل لنک روڈز بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔

ڈی پی او کے مطابق ٹریفک کے دباؤ اور غیر ضروری رش سے بچنے کے لیے سیاح بستان موڑ، مسیاڑی لنک روڈ اور جھیکا گلی روڈ استعمال کریں تاکہ سفر محفوظ اور آسان بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ مری پولیس سیاحوں کی سہولت اور ٹریفک کے مؤثر انتظام کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ جاری ہدایات پر عمل کرتے ہوئے متعلقہ راستوں کا انتخاب کریں۔