خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ترقی ممکن نہیں، یوسف رضا گیلانی

خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ترقی ممکن نہیں، یوسف رضا گیلانی

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر پائیدار ترقی اور معاشرتی خوشحالی کا حصول ممکن نہیں۔

او آئی سی وزراء کانفرنس برائے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد اور امتیازی سلوک ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹیں ہیں، جبکہ مسلم خواتین نے ہر دور میں تعلیم، سماجی اور معاشی شعبوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بطور چیئرمین سینیٹ انہوں نے خواتین کی ہراسگی کے خاتمے کے لیے خصوصی اقدامات کیے، جبکہ خواتین اور اقلیتوں کا تحفظ ہمیشہ ان کی ترجیحات میں شامل رہا ہے۔یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ خواتین کو بااختیار بنانا ان کے دورِ وزارتِ عظمیٰ کا بھی اہم مقصد تھا۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین کے خلاف تیزاب گردی کے خلاف قانون 2010ء میں جبکہ زبردستی شادیوں کے خلاف قانون 2011ء میں منظور کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان خواتین کے خلاف ہونے والی ناانصافیوں اور لاقانونیت کے خلاف اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے اہم اقدام قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ان کے دورِ حکومت میں قائم کیا گیا خواتین پارلیمنٹری فورم خواتین کو فیصلہ سازی کے عمل میں مؤثر کردار دینے کے لیے بنایا گیا تھا۔یوسف رضا گیلانی نے شہید بینظیر بھٹو کو مسلم امہ کی پہلی خاتون وزیراعظم اور حقوقِ نسواں کی علمبردار قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے خواتین کے تحفظ اور ترقی کے لیے اہم قانون سازی کی ہے۔انہوں نے او آئی سی ممالک پر زور دیا کہ وہ خواتین کی سماجی اور معاشی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات اور مناسب طریقہ کار اپنائیں۔