ٹانک میں پولیس گاڑی پر حملہ، اے ایس آئی سمیت 2 اہلکار شہید، 2 زخمی

ٹانک میں پولیس گاڑی پر حملہ، اے ایس آئی سمیت 2 اہلکار شہید، 2 زخمی

پشاور: خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں جنڈولہ وانا روڈ پر پولیس کی بکتر بند گاڑی کو دھماکے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں اے ایس آئی سمیت دو پولیس اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ شہید مرید اکبر کی حدود میں گرہ حیات کے قریب پیش آیا، جہاں معمول کے گشت پر موجود پولیس اے پی سی گاڑی کو مبینہ طور پر ریموٹ کنٹرول آئی ای ڈی دھماکے سے نشانہ بنایا گیا۔دھماکے کے بعد ضلع بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر دھماکا ریموٹ کنٹرول آئی ای ڈی معلوم ہوتا ہے۔پولیس کے مطابق شہید ہونے والوں میں اے ایس آئی فرید اللہ اور سپاہی اختر زمان شامل ہیں، جبکہ زخمی اہلکاروں کی شناخت قدرت اللہ اور عبدالمالک کے نام سے ہوئی ہے۔ شہید اور زخمی اہلکاروں کو علاج کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کر دیا گیا۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ٹانک میں پولیس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔انہوں نے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی قربانیاں قوم کے لیے باعث فخر ہیں، جبکہ زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔