وزیراعظم اور عسکری قیادت کا آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ، قومی سلامتی سے متعلق اہم بریفنگ

وزیراعظم اور عسکری قیادت کا آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ، قومی سلامتی سے متعلق اہم بریفنگ

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نیول چیف اور ایئر چیف کے ہمراہ انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ہیڈکوارٹرز کا اہم دورہ کیا۔

دورے کے دوران قومی قیادت کو ملک کی داخلی و خارجی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق بریفنگ میں بھارت کی جانب سے مشرقی سرحد پر جارحیت، ہائبرڈ وارفیئر، دہشت گردی کے نیٹ ورکس، اور روایتی و غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔اجلاس میں قومی سلامتی کے مختلف پہلوؤں، خطے میں بدلتے ہوئے حالات، اور پاکستان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم نے اداروں کے درمیان قریبی رابطہ کاری، فوری ردعمل کی صلاحیت اور ہر سطح پر آپریشنل تیاری کو سراہا۔

وزیراعظم نے آئی ایس آئی کی پیشہ ورانہ کارکردگی، تزویراتی فہم اور بروقت فیصلہ سازی کی صلاحیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’پاک فوج دنیا کی بہترین اور نظم و ضبط کی حامل افواج میں سے ایک ہے، اور پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔‘‘

قومی قیادت نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر قسم کے داخلی و خارجی خطرات کا بھرپور دفاع کرے گا اور ملک کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ مسلح افواج عوام کی حمایت سے مکمل تیار ہیں اور پاکستان کی سلامتی، وقار اور خودمختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔