مریم نواز شریف کے مطابق، پنجاب حکومت نے کاشتکاروں کی سہولت کے لئے ایک منفرد اور جدید اقدام کا فیصلہ کیا ہے۔
اس کے تحت پنجاب کے 15 اضلاع میں موبائل ایگریکلچر لیبز قائم کی جائیں گی، جن کی مدد سے کاشتکار مٹی اور پانی کے نمونے موقع پر تجزیہ اور رپورٹ حاصل کر سکیں گے۔اس موبائل لیب کے ذریعے، کسانوں کو زمین کی زرخیزی اور پانی کی حالت کے بارے میں فوری اور درست معلومات ملیں گی، جس سے فصل کی کاشت اور بہتر پیداوار کے امکانات بڑھیں گے۔ مرکزی کنٹرول روم کے ذریعے ان موبائل لیبز کی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی تاکہ خدمات کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔اس کے علاوہ، کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے پنجاب کے تمام اضلاع میں 100 کنٹینرز پر کسان مراکز قائم کیے جائیں گے، جن میں ڈیٹا کال سنٹرز، ایگری کلچر آفیسرز، ڈیجیٹل آلات اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اس سے کسانوں کو دہلیز پر زرعی معلومات اور رہنمائی دستیاب ہوگی، جس سے ان کی پیداوار میں اضافہ متوقع ہے۔مزید برآں، کسان کارڈ، ٹریکٹر اور دیگر کئی منصوبوں پر عمل درآمد جاری ہے تاکہ کاشتکاروں کی زندگی آسان بنائی جا سکے۔ یہ اقدامات ملک میں زرعی پیداوار کو بڑھانے اور کسانوں کی ترقی کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔