لاہور میں بھکاری مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری، 107 افراد گرفتار

لاہور میں بھکاری مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری، 107 افراد گرفتار

لاہور پولیس نے بھکاری مافیا کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں۔

 پولیس ترجمان کے مطابق یکم جنوری 2026ء سے اب تک گداگری ایکٹ کے تحت 107 بھکاری گرفتار کیے جا چکے ہیں جبکہ بھکاری مافیا کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں اور خواتین کو ڈھال بنا کر بھیک منگوانے والے منظم بھکاری مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کمسن بچوں کو گداگری پر مجبور کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کے واضح احکامات جاری کیے ہیں۔

سی سی پی او لاہور نے کہا کہ کوالٹی ایجوکیشن ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور بچوں کو بھیک پر لگا کر ان کا مستقبل تباہ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بچوں کے مستقبل سے کھیلنے والوں کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔پولیس حکام کے مطابق شہر میں بھکاری مافیا کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی تاکہ بچوں کو محفوظ اور روشن مستقبل فراہم کیا جا سکے۔