آسٹریلیا ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر ایلیسا ہیلی نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق ایلیسا ہیلی بھارت کے خلاف آئندہ سیریز کے بعد کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے کنارہ کشی اختیار کر لیں گی۔35 سالہ ایلیسا ہیلی نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز 2010 میں کیا۔ انہوں نے 295 انٹرنیشنل میچز میں 7 ہزار سے زائد رنز اسکور کیے جبکہ وکٹوں کے پیچھے 275 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ایلیسا ہیلی 2023 میں فل ٹائم کپتان مقرر ہوئیں اور وہ آسٹریلیا کے لیے 8 آئی سی سی ورلڈ کپ ٹائٹلز جیتنے والی ٹیموں کا حصہ رہیں۔ایلیسا ہیلی نے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کہا کہ وہ ملے جلے جذبات کے ساتھ بھارت کے خلاف سیریز کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان کے اندر آسٹریلیا کے لیے کھیلنے کا جذبہ اب بھی موجود ہے، تاہم مقابلے کا وہ پہلو شاید اب باقی نہیں رہا، اسی لیے یہ ریٹائرمنٹ کا موزوں وقت ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گی، تاہم ہوم گراؤنڈز پر بھارت کے خلاف آخری مرتبہ ون ڈے اور ٹیسٹ میچ کھیلیں گی۔خیال رہے کہ ایلیسا ہیلی آسٹریلیا کے فاسٹ بولر میچل اسٹارک کی اہلیہ بھی ہیں۔