سلطان محمد کی شہادت کے واقعے کی فوری، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں
، مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے،جے یو آئی رہنما
اوستا محمد (آئی این پی)جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں جمعیت علمائے اسلام کے دیرینہ، مخلص اور نظریاتی رہنما مولانا سلطان محمدکے دہشت گردوں کے ہا تھوں بم دھماکے میں شہادت کے واقعہ کو نہایت افسوسناک، دلخراش اور قابلِ مذمت قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا سلطان محمد کی شہادت صرف جمعیت علمائے اسلام ہی نہیں بلکہ پورے خطے، دینی حلقوں اور امن پسند عوام کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا سلطان محمد ایک باکردار، نڈر اور اصولی سیاسی و دینی رہنما تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی اسلام، عوام اور جمعیت علمائے اسلام کی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ بے گناہ علماء، دینی رہنماؤں اور سیاسی کارکنوں کو نشانہ بنانا کھلی دہشت گردی ہے اور ایسے انسانیت دشمن عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر کب تک ملک کے مخلص علماء اور عوامی رہنماؤں کا خون بہایا جاتا رہے گا