فیک نیوز، جھوٹ اور کردار کشی کو سیاست کا ہتھیار بنانے والوں کو عدالت میں جواب دینا ہوگا
یو ٹیومرز اور پراپیگنڈا سیل کے لئے ڈوب مرنے کا مقام ہے:وزیراطلاعات پنجاب کا بیان
لاہور (آن لائن) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے یو ٹیومرز اور پراپیگنڈا سیل کے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔ عدالتی حکم کے مطابق میں نے خود عدالت سے استدعا کی ملزمہ فلک جاوید کو جیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ میں ان کی موجودگی میں اپنا بیان ریکارڈ کرا سکوں۔عظمیٰ بخاری نے کہا میں جرح کے لیے بھی مکمل طور پر تیار تھی اور خاصا وقت انتظار کرتی رہی تاکہ ملزمہ کو عدالت میں پیش کیا جا سکے، مگر ملزمہ کے وکلاء نے ایک بار پھر سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دے دی۔انہوں نے کہا کہ اب عدالت نے واضح کر دیا ہے کہ 12 ستمبر 2026 صبح 10 بجے جرح کے لیے آخری موقع ہوگا اور مزید کوئی التوا نہیں دیا جائے گا۔ ملزمہ کے وکلاء کو مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہونا ہوگا، بصورت دیگر میرا بیان ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کیا جائے گا۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ ایک خاتون کی عزت، کردار اور وقار کو جھوٹی ویڈیوز کے ذریعے نشانہ بنانا محض سیاسی اختلاف نہیں بلکہ خواتین کی عزت اور وقار پر براہِ راست حملہ ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ فیک نیوز، جھوٹ اور کردار کشی کو سیاست کا ہتھیار بنانے والوں کو اب عدالت میں جواب دینا ہوگا۔