ٹیکس ریونیو 10 فیصد بڑھا، حکومت کو ایکسپورٹ ایمرجنسی لگانے کی تجویز دی ہے:وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی کی پریس کانفرنس
اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے پچھلے سال سے ٹیکس ریونیو 10 فیصد بڑھا،جولائی تا دسمبر ایف بی آر نے 6200 ارب روپیٹیکس جمع کیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے ماہانہ ڈیولپمنٹ آوٹ لک رپورٹ کا اجرا کردیا۔انہوں نے کہا کہ دسمبر کا مہینہ پاکستان کے اقتصادی و معاشی بحالی کے سفر کا تسلسل ہے، سیلاب سے سپلائی متاثر ہونے سے مہنگائی بڑھی۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان میں مہنگائی میں کمی آئی ہے، برآمدات بڑھنا شروع ہوگئی ہیں، بڑی صنعتوں کی کارکردگی مثبت ہے، ترسیلات زر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پہلی سہ ماہی کی 3 اعشاریہ 7 فیصد جی ڈی پی گروتھ حوصلہ افزا ہے، ترقی کو برآمدات سیجوڑنا ہوگا، جولائی تا اکتوبر صنعتی گروتھ صفر اعشاریہ6 فیصد سے 5 فیصد ہوگئی۔احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ جولائی سے دسمبر مہنگائی 7 اعشاریہ 2 فیصد سے 5 اعشاریہ 2 فیصد پر آگئی، 2 سال بعد بڑی صنعتوں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا وزیراعظم ہاوس میں ہاٹ لائن قائم کرنے کی سفارش کی ہے، ترسیلات زر 10 اعشاریہ 5 فیصد اضافے سے 19 اعشاریہ 7 ارب ڈالر ہوگئیں۔