ترکش ایئرلائن کی ایک پرواز سے گزشتہ ماہ نائجیریا سے تھائی لینڈ جانے والی پرواز کے کارگو ڈبے میں 5 ماہ کے گوریلا کے بچے کی دریافت ہوئی۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب طیارے کی پرواز استنبول کے لیے روانہ ہوئی، اور اس گوریلے کو بغیر کسی چوٹ کے ریسکیو کرلیا گیا۔حکام نے بتایا کہ یہ گوریلا اب استنبول کے ایک چڑیا گھر میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کی صحت کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے۔ استنبول نیچر کنزرویشن اور نیشنل پارکس کے علاقائی ڈائریکٹر نے بتایا کہ گوریلا کی صحت میں بہتری آئی ہے اور اس کا وزن بھی بڑھ چکا ہے، اور اب وہ مکمل طور پر صحتیاب ہو رہا ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ یہ گوریلا وسطی افریقہ کے جنگلات اور پہاڑوں میں پایا جاتا ہے، جہاں اس کی نسل کو شدید خطرات لاحق ہیں۔اب وائلڈ لائف حکام اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ اس گوریلے کو واپس اس کے قدرتی ماحول میں چھوڑا جائے یا اسے کسی محفوظ پناہ گاہ میں رکھا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی اولین ترجیح یہ ہے کہ یہ گوریلا اپنی زندگی اپنے وطن میں جاری رکھے، لیکن اس کے لیے اسے ایک مکمل محفوظ جگہ فراہم کرنا ضروری ہوگا۔