ایران پر نئے حملے کی تیاری؟ درجنوں امریکی کارگو طیارے اسلحہ لے کر اسرائیل پہنچ گئے

ایران پر نئے حملے کی تیاری؟ درجنوں امریکی کارگو طیارے اسلحہ لے کر اسرائیل پہنچ گئے

اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر بڑھنے کے خدشات سامنے آ گئے ہیں، جبکہ خطے میں امریکی عسکری سرگرمیوں سے متعلق نئی رپورٹس نے صورتحال مزید حساس بنا دی ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران درجنوں امریکی کارگو طیارے مختلف فوجی اڈوں پر اترے ہیں، جن کے ذریعے گولا بارود، میزائل اور دیگر فوجی سازوسامان کی ترسیل کی گئی۔رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ ترسیلات اسرائیل کی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانے اور ممکنہ علاقائی خطرات کے پیش نظر کی جا رہی ہیں، جبکہ بعض تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اقدامات ایران کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں ممکنہ جنگی تیاریوں کا حصہ بھی ہو سکتے ہیں۔مقامی میڈیا کے مطابق ان طیاروں کی آمد کے بعد اسرائیلی فوجی اڈوں پر سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں اور حساس دفاعی نظام کو مزید فعال کیا جا رہا ہے۔ تاہم امریکا یا اسرائیل کی جانب سے ان رپورٹس پر تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔خطے کی مجموعی صورتحال پہلے ہی کشیدہ ہے، جہاں ایران اور اسرائیل کے درمیان لفظی جنگ اور دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

 اس پس منظر میں امریکی فوجی سازوسامان کی مبینہ ترسیل نے صورتحال کو مزید غیر یقینی بنا دیا ہے۔دوسری جانب ایران نے واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ممکنہ حملے یا دباؤ کا سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ تہران کے مطابق خطے میں بیرونی طاقتوں کی بڑھتی مداخلت امن کے لیے خطرہ ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں موجودہ حالات انتہائی نازک مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، اور اگر سفارتی کوششیں کامیاب نہ ہوئیں تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔