عمران خان کی ضمانت درخواستوں پر رجسٹرار کے اعتراضات

بانی پی ٹی آئی پرلاہورمیں 9مئی کے12مقدمات ،4میں ضمانت مل چکی 
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 9 مئی کے 8مقدمات میں ضمانت کیلئے لاہور ہائیکور ٹ سے رجوع کرلیا،رجسٹرارآفس نے درخواست ضمانتو ں پر اعتراضات عائد کردئیے ، چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دورکنی بینچ کل 13جنوری کو رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف کیس کی سماعت کرے گا۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے 8مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں دائر کیں ،جس میں موقف اختیارکیاگیاہے کہ نو مئی والے دن اسلام آباد میں نیب کی تحویل میں تھا،سیاسی انتقام کیلئے سازش کا الزام لگا کر مقدمات میں نامزد کیا گیا،جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات کا دو سال سے سامنا کر رہاہوں۔رجسٹرار آفس نے اعتراضات عائد کئے کہ درخواست ضمانتوں کے ساتھ مصدقہ دستاویزات نہیں لگائی گئیں۔واضح رہے لاہور کی اے ٹی سی نے بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی آٹھ درخواستیں مسترد کر دی تھیں، بانی پی ٹی آئی پر لاہور میں نو مئی کے کل 12 مقدمات درج ہیں۔