بین الاقوامی اور مقامی اسٹیبلشمنٹ اور ان کے جونیئر پارٹنرز کا آپس میں اتحادہے،امیر جماعت اسلامی
لاہور(آئی این پی)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکمران مل کر کھاتے ہیں اور مل کر موجیں کرتے ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے مردان میں دارالعلوم تفہیم القران کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فارغ التحصیل علما اور مفتیوں میں اسناد تقسیم کیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں صحت و تعلیم کی سہولیات ہیں نہ روزگار کے مواقع، ہمیں موقع ملا تو ملک میں عدل کا نظام نافذ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں وہ جمہوریت نہیں جو ہونی چاہیے، ملک میں 10 کروڑ انسان غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، بین الاقوامی اور مقامی اسٹیبلشمنٹ اور ان کے جونیئر پارٹنرز کا آپس میں اتحادہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ یہ اتحاد ہمارے خون پسینے کی کمائی نچوڑ کر ہمیں آپس میں تقسیم کرتا ہے، یہ سب مل کر کھاتے ہیں اور مل کر موجیں کرتے ہیں، 25 کروڑ عوام اس نظام کے اسیر ہیں جو ہم پر مسلط ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ خواتین کو وراثت کے حق سمیت تمام بنیادی حقوق دلائیں گے۔