حکمران فلسطین کی حمایت، پوری قوم کو ساتھ لے کر چلیں،حافظ نعیم الرحمان

بدل دو نظام، جماعت اسلامی کا ملک گیر احتجاجی تحریک کا فیصلہ، چند لوگوں کو معذول ، نظام بدلیں گے،عدلیہ کے جعلی نظام کو ختم کریں گے، چند لوگ لوٹ مار کا تحفظ چاہتے ہیں
 امریکہ کی غلامی اختیار کرکے ہم نے خود کو تباہ کرلیا،بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے موجودہ حالات بھی اسی کا نتیجہ ہیں ، لاہور میں جماعت اسلامی کے اجتماع عام سے خطاب
لاہور (آ ئی این پی ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے بدل دو نظام تحریک کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کرتے ہوئے ملک گیر احتجاجی جلسوں اور دھرنوں کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ چند لوگوں کو انکے منصب سے معذول کرکے نظام بدلیں گے،عدلیہ کے جعلی نظام کو ختم کریں گے، چند لوگ آئین میں تبدیلیاں کرکے اپنی لوٹ مار کا تحفظ چاہتے ہیں لیکن انہیں 25 کروڑ عوام کے سامنے جوابدہ بنائیں گے، آئین کی بالادستی و تحفظ کیلئے تحریک چلائیں گے ، قومی انتخابات کے شیڈول کا اعلان ہونے تک ہمارا کوئی امیدوار نہیں ہوگا ، غزہ منصوبے کو نہیں مانتے،پاکستان کی خارجہ پالیسی آزاد خارجہ پالیسی ہونی چاہیے، ہم دوستی کریں گے تو عزت و وقار کے ساتھ کریں گے،، ٹرمپ کی ثالثی میں کشمیر پر کوئی سمجھوتہ کیا تو قوم اسے قبول نہیں کرے گی، امریکا کی غلامی اختیار کرکے ہم نے خود کو تباہ کرلیا ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے موجودہ حالات بھی اسی کا نتیجہ ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے لاہور میں جماعت اسلامی پاکستان کے 3 روزہ اجتماع عام بدل دو نظام کے آخر روز ملک بھر سے آئے شرکا سے اپنے خطاب میں کیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم غزہ منصوبے کو نہیں مانتے، پاکستان نے فلسطین پالیسی سے انحراف کرتے ہوئے عالمی استحکام فورس کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا، ہم صرف آزاد اور خودمختار فلسطین چاہتے ہیں، جس کسی نے پاکستان کی فلسطین پالیسی سے انحراف کیا تو اسے نشان عبرت بنا دیں گے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم کشمیریوں کو پاکستانی سمجھتے ہیں، پورا پاکستان کشمیریوں کا بیس کیمپ ہے، مودی اور بھارت کی کشمیر پر قبضے کی کوشش پر اس وقت کے حکمران خاموش نہ رہتے تو ایسا نہ ہوتا، لیکن موجودہ حکمرانوں نے اگر ٹرمپ کی ثالثی میں کشمیر پر کوئی سمجھوتہ کیا تو قوم اسے قبول نہیں کرے گی، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے روڈمیپ پر عمل کیا جائے