بین الاقوامی کانفرنس ’’اعلان اسلام آباد‘‘ کی منظوری کے ساتھ اختتام پذیر

ہم اس وقت تک نہیں رکیں گے جب تک پاکستان کی ہر بچی کو سیکھنے کا موقع نہیں مل جاتا‘چیئرمین سینیٹ 
اسلام آباد(آن لائن) مسلم کمیونٹیز میں بچیوں کی تعلیم کے موضوع پر اسلام آباد میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس ’’اعلان اسلام آباد‘‘ کی منظوری کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی جبکہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کوئی استحقاق نہیں بنیادی حق ہے۔ مسلم، عالمی برادری تعلیم کے ذریعے لڑکیوں کو بااختیار بنانے کے لیے اپنے عزم کی تجدید کریں‘ ہم اس وقت تک نہیں رکیں گے جب تک پاکستان کی ہر بچی کو سیکھنے کا موقع نہیں مل جاتا۔چیئرمین سینیٹ نے کانفرنس کو انتہائی اہم قرار دیااور کہاکہ کسی بھی معاشرے کا مستقبل اس کے نوجوانوں بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم میں مضمر ہے۔ پڑھی لکھی اور خواندہ خواتین پائیدار اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے۔ بچیوں کو تعلیم دینا نہ صرف انفرادی زندگیوں کو بدلتا ہے بلکہ معاشی طور پر بااختیار بنا کر پوری کمیونٹی کو ترقی دے کر استحکام کو فروغ دیتا ہے۔کانفرنس کا اختتام’’اسلام آباد اعلامیہ‘‘ کی منظوری کے ساتھ ہوا جس کا مقصد ایک باہمی تعاون پر مبنی فریم ورک کے تحت لڑکیوں کی تعلیم میں اہم چیلنجوں سے نمٹنا ہے۔