پاکستان ویمنز ٹیم کی سابق فاسٹ بائولر نے 19 ایک روزہ اور 21 ٹی20 میچز میں ملک کی نمائندگی کی، میچ ریفری کے طور پر نئی ذمہ داریاں سنبھال لیں
کراچی( سپورٹس ڈیسک) پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی فاسٹ بائولر کائنات امتیاز نے 13 سالہ بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔کائنات امتیاز نے پاکستان کی جانب سے 19 ایک روزہ بین الاقوامی اور 21 ٹی20 بین الاقوامی میچز کھیلے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے کرکٹ سے وابستگی برقرار رکھتے ہوئے میچ ریفری کے طور پر اپنے نئے سفر کا آغاز کردیا ہے۔انہوں نے حال ہی میں اگست اور ستمبر میں منعقد ہونے والے پاکستان کرکٹ بورڈ کے قومی خواتین انڈر 19 ٹی20 ٹورنامنٹ میں میچ ریفری کی ذمہ داریاں انجام دیں۔دائیں ہاتھ سے فاسٹ بولنگ کرنے والی کائنات امتیاز نے اکتوبر 2010 میں جنوبی افریقہ کے خلاف پوچفسٹروم میں ٹی20 بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز کیا اور پاکستان کی جانب سے ٹی20 میں 22ویں کھلاڑی کی حیثیت سے میدان میں اتریں۔ بعدازاں انہوں نے بنگلہ دیش کے فتح اللہ میں آئرلینڈ ویمنز کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کیا اور پاکستان کی 64ویں ون ڈے کھلاڑی بنیں۔کائنات امتیاز نے 2017 کے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی، جہاں انہوں نے 4 میچز کھیلے۔ وہ 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں طلائی تمغے جیتنے والی پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کا بھی حصہ رہیں۔2010 میں چین اور 2014 میں جنوبی کوریا میں منعقدہ ایشین گیمز کے خواتین کرکٹ مقابلوں میں پاکستان نے سونے کے تمغے حاصل کیے تھے۔ کائنات امتیاز 2022 کے کامن ویلتھ گیمز کے لیے پاکستان ویمنز اسکواڈ میں بھی شامل تھیں۔ان کا آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ جنوری 2023 میں آسٹریلیا کے خلاف گابا میں ہوا، جبکہ آخری ٹی20 بین الاقوامی میچ اکتوبر 2022 میں سلہٹ میں تھائی لینڈ کے خلاف کھیلا۔