افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی، القاعدہ، داعش سمیت 2 درجن سے زائد دہشت گرد گروپ آپریٹ کررہے ہیں،الزامات پاکستان پرملبہ ڈالنے کی کوشش:وزیردفاع

پاک امریکاتعلقات بالکل ٹھیک،کچھ نہیںہونے جارہا امید ہے 190ملین پائونڈ کیس میں انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے: خواجہ آصف

 عبوری افغان حکام دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے اورافغان سرزمین کو دوسرے ممالک کیخلاف استعمال ہونے سے روکنے کیلئے اقدامات کریں،ایکس پر بیان ،افغان قائم مقام وزیرخارجہ کے الزامات مسترد کردیے
پی ٹی آئی والے امریکی کانگریس کی سماعتوں کا جعلی ڈراما بنا کر پیش کر رہے ہیں،190ملین پاؤنڈ حکومت اورعوام کا پیسا تھا،پی ٹی آئی دور حکومت میں لوٹ مارعروج پرتھی،عمران خان کے دورمیں جو کچھ ہوا، اس کی مثال نہیں ملتی،پریس کانفرنس

سیالکوٹ (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے امریکی کانگریس کی سماعتوں کا جعلی ڈراما بنا کر پیش کر رہے ہیں، پاکستان اور امریکا کے تعلقات بالکل ٹھیک ہیں، کچھ نہیں ہونے جا رہا۔سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ سوموار کو190 ملین پاؤنڈ کی سماعت ہے۔ نیشنل کرائم ایجنسی نے پاکستان کو رقم بھجوائی، لیکن اس شخص نے بند لفافے میں کام کر دیا، اس کے عوض رقبہ لیا گیا اور القادر ٹرسٹ بنا دیا گیا، وہ یونی ورسٹی ہے یا نہیں، میں میڈیا کو کہوں گا خود اس کی انویسٹی گیشن کریں، ان سارے حقائق پر عدالت نے فیصلہ دینا ہے۔جو ماحول پی ٹی آئی نے بنا دیا اس میں کوئی مذاکرات نتیجہ خیز نہیں ہوسکتے۔خواجہ آصف نے کہا کہ امید کی جاتی ہے کہ سوموارکو انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے، ماضی میں حکمرانوں پر الزامات لگتے رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی حکومت میں جو ہوا اس کی مثال نہیں ملتی۔وزیر دفاع نے کہا کہ امریکا میں انہوں نے نئے ڈرامے شروع کیے ہوئے ہیں، حکومتی سطح پر کہیں نہیں رابطہ کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کو ریلیف دیا جائے، یہ وہی ملک ہے جس سے متعلق انہوں نے کہا تھا کہ غلامی نامنظور، اب ان کے سامنے لیٹ گئے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آپ نے علیمہ خان کی گفتگو سنی، ان کی لیڈر شپ کہتی ہے کہ یہ اندر رہیں۔ اربوں روپے وکلاء کو ادا کیے جا چکے ہیں، بیگم بہنیں، لیڈران چاہتے ہیں کہ اس پارٹی کو سیاسی طور پر کیش کریں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بڑا ثبوت یہ ہے کہ بانی سنگجانی پر رضامند تھے، لیکن بشریٰ بی بی نے ڈی چوک کا کہا، یہ لوگ وہاں سے بھاگے کیسے؟، سب کو علم ہے۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ انہوں نے جتنی بھی گفتگو کی 35 پنکچر سے لیکر اب تک اسکا کوئی ثبوت نہیں۔

دوسرا انٹرو
اسلام آباد (آئی این پی) وزیر دفاع خواجہ آصف نے افغانستان کے قائم مقام وزیرخارجہ کے بیان پرسخت ردعمل دیتے ہوئے تمام الزامات مسترد کردیے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں وزیر دفاع نے کہا کہ افغانستان کے قائم مقام وزیرخارجہ کے الزامات پاکستان پرملبہ ڈالنے کی کوشش ہیں۔انہوں نے کہا کہ یواین مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی، القاعدہ، داعش سمیت 2 درجن سے زائد دہشت گرد گروپ آپریٹ کررہے ہیں جب کہ افغانستان 2024 میں داعش کی بھرتیوں اور سہولت کاری کا مرکز رہا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ عبوری افغان حکام دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے اورافغان سرزمین کو دوسرے ممالک کیخلاف استعمال ہونے سے روکنے کیلئے اقدامات کریں۔