ٹی20 ورلڈکپ کے انیسویں میچ میں زمبابوے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 23 رنز سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کر دیا۔
کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوین پیس بیٹری نے 170 رنز کا ہدف حاصل کرنے نہ دیا۔ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 19.3 اوورز میں 146 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ میتھیو رینشا 65 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ گلین میکسویل 31 اور کپتان ٹریوس ہیڈ 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دیگر آٹھ بلے باز ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہو سکے۔زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ مزارابانی نے 17 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، جو نہ صرف ٹی20 ورلڈکپ میں زمبابوے کی بہترین بولنگ کارکردگی ہے بلکہ کسی بھی فل ممبر ٹیم کے خلاف ٹی20 انٹرنیشنل میں بھی ان کا بہترین اسپیل ہے۔ اس میچ میں انہوں نے اپنی 100ویں ٹی20 انٹرنیشنل وکٹ بھی مکمل کی۔ بریڈ ایونز نے 23 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل آسٹریلوی کپتان ٹریوس ہیڈ نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ زمبابوے کے اوپنرز نے 61 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔
مارومانی 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بعد ازاں برائن بینیٹ اور رائن برل کے درمیان 70 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ رائن برل 35 رنز پر پویلین لوٹے۔زمبابوے نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔ برائن بینیٹ 64 اور کپتان سکندر رضا 25 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مارکس اسٹوئنس اور کیمرون گرین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈکپ کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع ہے جب زمبابوے نے آسٹریلیا کو شکست دی۔ اس سے قبل 2007 کے افتتاحی ایڈیشن میں بھی زمبابوے نے آسٹریلیا کو حیران کن شکست دی تھی۔